ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور: کنڈلورکے قریب مائون کٹہ میں فریج دھماکہ سے پھٹ گیا؛ عورت کی موقع پر موت

کنداپور: کنڈلورکے قریب مائون کٹہ میں فریج دھماکہ سے پھٹ گیا؛ عورت کی موقع پر موت

Tue, 04 Oct 2016 01:02:33    S.O. News Service

کنداپور3/ اکتوبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے کنڈلور کے قریب مائون کٹے میں پیش آئے ایک عجیب و غریب حادثے میں ایک خاتون زندہ جل کر ہلاک ہوگئی جس کی شناخت نورجہاں (40) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق حادثہ آج پیر کی شام قریب 7:30 بجے اُس وقت پیش آیا جب مہلوک نورجہاں فریج کا دروازہ کھول رہی تھی کہ اچانک فریج دھماکےکے ساتھ پھٹ پڑا جس کے ساتھ ہی پورا کمرہ شعلوں میں گھر گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نورجہاں شعلوں کی زد میں آکر زندہ جل گئی۔ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، اُس وقت اس کی والدہ فاطمہ بی  اپنے نواسے اور نورجہاں کے بیٹے دس سالہ محمد زبیر کے ساتھ کسی کام سے گھر سے باہر گئی ہوئی تھی۔ جبکہ مہلوک نورجہاں کا بھائی انورجو کنداپور بس اسٹائنڈ میں آٹو چلاتا ہے، اپنی ڈیوٹی پر گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ فریج گھر کے درمیانی کمرے میں رکھا ہوا تھا، شام کو مبینہ طور پر اچانک شارٹ سرکیوٹ  سے فریج کا کمپریسر پھٹ گیا، سمجھا جارہا ہے کہ جب کمپریسر پھٹا، اُس وقت نورجہاں فریج کا دروازہ کھول رہی تھی۔ کمپریسر پھٹتے ہی فریج میں آگ لگنے کے ساتھ ساتھ پورے کمرے میں بھی آگ کے شعلے بھڑک اُٹھے جس کی زد میں آکر نورجہاں پوری طرح جل کر خاکستر ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ گھر پر چار لوگ رہتے ہیں، مگر جس وقت یہ حادثہ ہوا، اُس وقت گھر کے اندر نورجہاں اکیلی تھی۔

آگ لگنے سے گھر کے دیگر حصوں کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ 

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابوپالیا۔ کنداپور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس پورے معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔


Share: